لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 17 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا۔ سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 17 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کے میچز 28 اور 30 اگست کے علاوہ یکم ستمبر کو اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔
چیف سلیکٹر اورہیڈ کوچ کی طرف سے 17 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا، سکواڈ میں بابراعظم(کپتان)، فخرزمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، شاداب خان، حیدر علی، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد عامر، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد رضوان، سرفراز احمد، نسیم شاہ اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف بھی تقریباً اسی سکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے جوکہ گذشتہ کئی ماہ سےمحدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹونٹی سیریز: پاکستان کیخلاف 14 رُکنی انگلش سکواڈ کا اعلان
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل، انڈر 19 کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بلے باز حیدر علی اور نسیم شاہ کو ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ تجربہ کار فاسٹ باؤلرز محمد عامر اور وہاب ریاض کے علاوہ سرفراز احمد اور فخر زمان کی بھی قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ عمومی طور پر ٹی ٹونٹی کرکٹرز کو ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے میں کم وقت ملتا ہےتاہم کورونا وائرس کے باعث پاکستان سے تقریباًایک ساتھ پرواز کے سبب محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی کرنے والے یہ کرکٹرزکچھ عرصے سے ایک ساتھ ٹریننگ کررہے ہیں، لہٰذاانہیں بھی انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا ایک اچھا موقع ملا ہے۔
ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم پرامید ہیں کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز میں ایک اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔