ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: پاکستان نے دووکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا لیے

Published On 24 August,2020 06:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے دوران کم روشنی کے باعث چوتھے روز کا کھیل وقت سے پہلے ختم ہو گیا۔ پاکستان نے سست انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے دو وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا لیے ہیں۔

سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز فالو آن کا شکار قومی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز شروع کی، پاکستان کو پہلا نقصان پر 49 رنز پر اُٹھانا پڑا جب شان مسعود براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

 اس کے بعد عابد علی اور کپتان اظہر علی نے سست انداز میں بیٹنگ کی، تاہم اوپنر عابد علی 162 گیندوں پر 42 سکور بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اس وقت کریز پر کپتان اظہر علی 29 اور نائب کپتان بابر اعظم 4 سکور بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو اننگز سے شکست سے بچنے کے لیے 210 رنز درکار ہیں۔

پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 583 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی جواب میں کپتان اظہر علی کے ناٹ آؤٹ 141 رنز کے باوجود قومی ٹیم 273 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی۔

دوسری طرف ساؤتھمپٹن میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ میں حصہ لینے والے انگلش کرکٹر اولی پوپ کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے۔ اولی پوپ کی انجری کے بعد اسسٹنٹ کوچ پال کولنگ ووڈ کو اضافی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پال کولنگ ووڈ ضرورت پڑنے پر گراؤنڈ میں پانی لے جانے کی ذمہ داری انجام دیں گے۔