لاہور، ملتان: (روزنامہ دنیا) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے التوا کے بعد سے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے مصروفیت تلاش کرنے میں سرگرداں پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختلف ممالک کیخلاف سیریز کے انعقاد کی پلاننگ شروع کر دی ہے اور ذرائع کا دعویٰ ہے کہ زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں جس کے ٹی ٹونٹی میچز ملتان اور ون ڈے میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوین کرکٹ ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچ کر ملتان میں آئسولیشن کا عرصہ مکمل کرے گی اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے بعد راولپنڈی پہنچے گی جہاں تین ون ڈے میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی سی بی نے کرکٹ زمبابوے کو سیریز کا شیڈول پہلے ہی ارسال کر دیا تھا تاہم زمبابوین بورڈ حکام اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کیلئے گرین سگنل ملنے کے منتظر ہیں جس کے بعد سیریز کے حتمی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب گرین شرٹس کے نیوزی لینڈ ٹور کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم کورونا وائرس کی صورتحال میں کرکٹ نیوزی لینڈ کے حکام انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں اور جلد ہی دورے سے متعلق مثبت نتائج سامنے آنے کا امکان ہے۔