انڈر 19 سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں، سٹاف کے کورونا ٹیسٹ منفی آ گئے

Published On 06 October,2020 04:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انڈر 19 سکواڈز میں شامل کُل 119 کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے 5 اکتوبر بروز پیر کو ہونے والے دوسرے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹس بھی منفی آئی ہیں۔

دونوں ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب میں موجود بلوچستان اور سندھ کے انڈر19 سکواڈز بھی آج لاہور کے مقامی ہوٹل میں ٹھہری باقی چاروں ٹیموں کو جوائن کرلیں گے، جہاں انہیں ایک دوسرے سے ملنے کی مکمل آزادی ہوگی۔

یہ تمام افراد اب لاہور کے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں۔ تیرہ اکتوبر سے شروع ہونے والے نیشنل انڈر19 ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے یہ تمام اسکواڈز 7 اکتوبربروز بدھ سےنیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغاز کردیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 2 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی انڈر19 ٹیمیں 5 نومبر سےنیشنل انڈر19 تھری ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ ایونٹ کا فائنل 26 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔