سیریز سے قبل جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا وفد آئندہ ماہ پاکستان آئے گا

Published On 06 October,2020 05:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل پروٹیز کرکٹ بورڈ کا وفد آئندہ ماہ انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آئے گا۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقا کا ایک خط پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ملا ہے جس کے مطابق نومبر میں پاکستان سپر لیگ 5 کے بقیہ چار میچوں کے دوران ان کے سکیورٹی کنسلٹنٹ روری سٹین اور باب نکلز لاہور آئیں گے ۔

دونوں پاکستان سپر لیگ کے چاروں میچ دیکھیں گے جس کے بعد وہ کراچی اور راولپنڈی بھی جائیں گے۔ پی ایس ایل کے میچز 14 ،15 اور 17 نومبر کو قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے۔ جنوبی افریقہ 2021ء میں جنوری اور فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرے گی: وسیم خان

سیریز میں دو ٹیسٹ تین ٹی ٹونٹی کھیلیں جائیں گے۔ میچز میں شائقین کے حوالے سے فیصلہ کورونا کی صورتحال دیکھ کر کیا جائیگا ۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کے دوران میچز کراچی اور لاہور میں کرائے جانے کا امکان ہے جب کہ راولپنڈی میں بھی میچز کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔

قبل ازیں زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورے پاکستان سے قبل آئندہ ہفتے زمبابوے کے ہیلتھ ماہرین کی ٹیم ملتان اور راولپنڈی کا دورہ کرے گی۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کرکٹ کا 5 رکنی وفد سیریز کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔