مصباح الحق کا چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان

Published On 14 October,2020 11:56 am

لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کے اضافی عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔ ان کی جگہ سابق کرکٹر محمد اکرم کو چیف سلیکٹر بنانے کا امکان ہے۔

مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے بطور چیف سلیکٹر کام کرنا مشکل ہو رہا تھا، عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ میرا اپنا ہے، مجھ پر اس حوالے سے کوئی دباو نہیں تھا۔ کرکٹ بورڈ کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ مجھے اب ٹیم کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق مصباح الحق کا چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد نئے چیف سلیکٹر کا فیصلہ کرلیاگیا،سابق پاکستانی کرکٹر محمد اکرم کو نیا چیف سلیکٹر لگایا جائے گا۔ محمد اکرم جنوبی افریقہ سیریز سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے،وہ 9 ٹیسٹ اور 23 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ محمد اکرم پی ایس ایل فرنچائزز پشاور زلمی کے کوچ بھی ہیں۔

یاد رہے کہ مصباح الحق نے گزشتہ برس چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالا تھا اور اس اثنا ہیڈ کوچ کے فرائض بھی سرانجام دیتے رہے ہیں، ایک ہی وقت میں 2 عہدے رکھنے پر انہیں کرکٹ کے مختلف حلقوں اور شائقین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ انگلینڈ ٹور میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی پر مصباح کی پرفارمنس پر بھی سوال اٹھنے لگے تھے۔