چیف سلیکٹر کا عہدہ سابق فاسٹ باؤلر محمد اکرم کو ملنے کا امکان

Published On 14 October,2020 04:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے والے مصباح الحق کی جگہ نئی ذمہ داریاں محمد اکرم کو دیئے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دو سالوں میں بین الاقوامی کرکٹ میں ہماری 10 اہم کمٹمنٹ ہیں جس میں سے کچھ دورے ایسے ہیں کہ میرے لیے بطور چیف سلیکٹر کام کرنا اور ڈومیسٹک کرکٹ کو دیکھنا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس چیز کو دیکھتے ہوئے میں نے بورڈ سے بات کی کیونکہ جب میں آیا تھا تو یہی بات ہوئی تھی کہ اگر کہیں بھی مجھے لگے گا کہ میرے لیے دونوں عہدوں کو وقت دینا مشکل ہے تو میں عہدہ چھوڑ سکتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: مصباح الحق کا چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے اور کرکٹ پر مزید توجہ دینے کے لیے مجھے لگا کہ یہ چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا صحیح وقت ہے اور میں نے بورڈ سے بات کی کہ میں کوچنگ پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔

دوسری طرف مصباح الحق کی طرف سے عہدہ چھوڑ جانے کے بعد قوی امکان ہے کہ یہ سیٹ سابق فاسٹ باؤلر محمد اکرم کو ملے۔ محمد اکرم کو یہ ذمہ داریاں آئندہ جنوبی افریقی سیریز کے دوران مل سکتی ہے۔

یاد رہے کہ محمد اکرم 9 ٹیسٹ اور 23 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ محمد اکرم پی ایس ایل فرنچائزز پشاور زلمی کے کوچ بھی ہیں۔۔