دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کو بڑا دھچکا، بابراعظم ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے

Published On 13 December,2020 10:36 am

لاہور: (دنیا نیوز) کیویز کے دیس شاہینوں کو انجریز نے دبوچ لیا، دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے پر کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوگئے، ٹانگ میں کھچاؤ کے باعث پہلے سے آؤٹ شاداب خان کو قیادت کی ذمہ داری سونپ دی گئی، شاہینز کے امام الحق کا بھی انگوٹھا زخمی ہو گیا۔

قومی اسکواڈ پر دورہ نیوزی لینڈ بھاری، پہلے قرنطینہ اور اب انجریز نے گھیر لیا۔ کوئنز ٹاؤن میں پریکٹس کے دوران کپتان بابر اعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا گیند لگنے سے فریکچر ہو گیا۔ ہسپتال لے جانے اور ایکسرے کرانے پر ڈاکٹرز نے انہیں 12 روز آرام کا مشورہ دے دیا۔

نائب کپتان شاداب خان کو ٹی 20 سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے، طویل عرصہ سے ٹانگ میں کھچاؤ کا شکار آل راؤنڈر کی انجری کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ڈاکٹرز کے گرین سگنل پر ہی وہ ٹی ٹونٹی سیریز میں کپتانی کی ذمہ داریاں نبھا سکیں گے۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ شاہینز میں شامل امام الحق بھی انگوٹھے میں فریکچر کرا بیٹھے، نیوزی لینڈ اے کے خلاف چار روزہ میچ سے آؤٹ ہو چکے ہیں۔