سڈنی: (اے پی پی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ 2009ء کی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف آؤٹ ہوا تو سوچا کہ اب میرا انٹرنیشنل کیریئر ختم ہو گیا۔
ویرات کوہلی نے آسٹریلوی بلے باز سٹیو سمتھ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اپنے اس آؤٹ کا ذکر کیا جس کی وجہ سے ان کی رات کی نیند اڑ گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2009ء کی چیمپیئنز ٹرافی میں سنچورین میں پاکستان کے خلاف میچ میں واپسی کی تھی اور مجھے یاد ہے جب میں شاہد آفریدی کو چھکا مارنے کی کوشش میں 16 رنز پر کیچ آوٹ ہو گیا تھا۔
انڈین کپتان نے کہا کہ ہم وہ میچ ہار گئے اور صبح کے 5 بجے تک میں چھت کی طرف دیکھتا رہا اور سوچا کہ اب میرا کیریئر ختم ہو گیا۔ خیال رہے کہ بھارت روایتی حریف پاکستان سے میچ 54 رنز سے ہار کر ٹورنامنٹ کے گروپ سٹیج میں ہی باہر ہو گیا تھا۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ 2012ء کے ایشیا کپ میں 183 رنز کی اننگز میرے لئے سپیشل ہے اور یہ اننگز میرے بین الاقوامی کیریئر کے لئے گیم چینجر ثابت ہوئی۔