قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ: کامران غلام، علی زریاب کی سنچریاں

Published On 14 December,2020 06:58 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے8 ویں راؤنڈ کے پہلے روز کامران غلام، علی زریاب نے سنچریاں بنا ڈالیں۔

تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے8 ویں راؤنڈ میں نیشنل اسٹیڈیم پر سندھ کے خلاف نادرن پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں 203رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،محمد نواز نے 79،جمال انور نے51 اور مفسر خان نے 26 رنز بنائے،6 کھلاڑی دہائی کا ہندسہ عبور نہ کر سکے،عزیزاللہ،میر حمزہ اور شاہنواز دھانی نے3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ابرار احمد کو ایک وکٹ ملی۔

پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر سندھ نے ایک وکٹ کھو کر 40 جوڑلیے، شرجیل خان 32 اور عزیزاللہ2 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں، 3رنز بنانے والے عمیر بن یوسف کی وکٹ وقاص احمد کو ملی۔

یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس پر سدرن پنجاب کے خلاف کے پی کے نے اپنی پہلی اننگز میں3 وکٹوں پر296 رنز بنا لیے، کامران غلام 19 چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے 145 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں۔

دوسرے اینڈ پر موجود عادل امین76 رنز کے ساتھ بیٹنگ کر رہے ہیں،اسراراللہ نے 49 اور فخر زمان نے 15 رنز بنائے، عامر یامین،سلمان علی اغا، اور زاہد محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سٹیٹ بینک سپورٹس کمپلیکس پر دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کے خلاف اپنی پہلی باری میں 6وکٹیں گنوا کر 297 رنز بنا لیے، علی زریاب نے سنچری سکور کرتے ہوئے 117 رنز بنائے جس نے 18 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

عثمان صلاح الدین نے73، محمد سعد نے 45 رنز بنالیے، علی شاہ28 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں،جلات خان نے3 اور رضا الحسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں.