لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس نے شوبز فنکاروں کو بھی نشانے پر رکھ لیا، اداکارہ ماہرہ خان کے بعد اداکارہ صنم جنگ کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، حکومت کی طرف سے متعدد بار متنبہ کیا جا رہا ہے عوام احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی نہ کریں۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ایک مرتبہ پھر سیاستدانوں اور شوبز بڑی شخصیات کورونا کے نشانے پر آ گئی ہیں۔ گزشتہ روز ماہرہ خان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
دوسری طرف اداکارہ صنم جنگ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں، اس بات کی تصدیق انہوں نے فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی سٹوری پر کی۔
یہ بھی پڑھیں: معروف اداکارہ ماہرہ خان بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں
صنم جنگ نے کہا کہ میں اپنے چاہنے والوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ کورونا کی کوئی سنگین علامات ظاہر نہیں ہوئیں، اس کے باوجود میں نے خود کو بیٹی کے ہمراہ قرنطینہ کرلیا ہے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں، یہ بیماری کوئی افسانہ نہیں بلکہ حقیقت ہے لہذا اس سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ماسک پہنیں اور عوامی مقامات میں جانے سے گریز کرتے ہوئے گھروں میں محفوظ رہیں۔
صنم جنگ نے آخر میں اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ مجھے اور میری بیٹی کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔