’لہور لہور اے‘ بول کر ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے، ویڈیو وائرل

Published On 11 December,2020 04:59 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کے اداکار اینگن التان نے اردو بول میں لہور لہور اے بول کر پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔

اینگن التان المعروف ارطغرل غازی ان دنوں پاکستان کے مختصر دورے پر ہیں۔ وہ گزشتہ روز ترکی سے لاہور پہنچے اور اس دوران انہوں نے اپنے مداحوں سے ملاقات کرنے کے علاوہ لاہور میں پریس کانفرنس بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: علم نہیں تھا پاکستانی مجھ سے اتنا پیار کرتے ہیں: اینگن التان

جہاں انہوں نے پاکستانیوں کی محبت کو سراہتے ہوئے کہا مجھے خوشی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ارطغرل غازی ڈرامے کی تعریف کی۔

پریس کانفرنس کے آخر میں صحافیوں کی جانب سے اینگن التان سے اردو میں چند جملے بولنے کی فرمائش کی گئی۔ جس پر اینگن التان نے کہا مجھے اردو کے صرف چند جملے آتے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا شکریہ اور ’’ لہور لہور اے‘‘۔

اینگن التان کی جانب سے یہ جملہ کہنے پر وہاں موجود تمام لوگوں نے پُرجوش انداز میں انہیں سراہا۔ اینگن التان کی اردو بولنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

ترک ڈرامے  ارطغرل غازی  کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان نے پاکستان میں قیام کے دوران بادشاہی مسجد لاہور کا دورہ کیا اور شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری بھی دی۔

لاہور میں مختصر دورے کے دوران ترک ڈراما سیریز کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان نے بادشاہی مسجد لاہور کا دورہ کیا۔ بادشاہی مسجد کے دورے کے دوران ترک اداکار نے بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد سے بھی ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی پاکستان پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال

واضح رہے کہ پریس کانفرنس کے دوران اینگن التان دزیاتن نے پاکستان میں کام کرنے کے حوالے سے کہا ڈراما ’ارطغرل غازی‘ کی کہانی ایک اسلامی اسٹوری تھی جسے پاکستان میں بہت پسند کیا گیا، اگر اچھی کہانی ملی تو پاکستانی ڈراما سیریل میں ضرور کام کروں گا۔
 

Advertisement