لاہور: (ویب ڈیسک) سال 2020ءاپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، اسی دوران ترک کے مشہور ڈرامہ ارطغرل غازی کی سیریز کو پاکستان میں سب سے زیادہ گوگل پر سرچ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ارطغرل غازی سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اوّل کے والد تھے۔ ان کے بارے میں حقائق پر مبنی معلومات نہ ہونے کے برابر ہیں جو بات طے ہے وہ یہ کہ عثمان کا تعلق آج کے ترکی میں اناطولیہ کے علاقے میں آباد ترک خانہ بدوش قبیلے سے تھا اور اسکی حکومت اناطولیہ کی درجنوں چھوٹی چھوٹی حکومتوں میں سے ایک تھی جن کی طاقت میں زیادہ فرق نہیں تھا۔
سلطنت عثمانیہ کی بنیاد 14 ویں صدی کے اوائل میں رکھی گئی اور 20 ویں صدی میں ختم ہوئی۔ اس دوران ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 37 سلطان اس کی مسند پر بیٹھے۔ ایک مؤرخ کے مطابق کسی خاندان کا مسلسل اتنی دیر حکومت کرنا معجزے سے کم نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عظیم مسلمان ہیرو ارطغرل غازی کون تھے؟
سرچ انجن گوگل نے پاکستانیوں کے 2020ء کے دوران سرچ کیے گئے ڈراموں اور ٹی وی سیریز کے حوالے اہم انکشاف کیا ہے۔
سرچ انجن کے مطابق اس نے رواں سال کے دوران پاکستانیوں کی ترکی کا تاریخی ڈرامہ ارطغرل غازی کی تلاش میں سب سے زیادہ رہنمائی فراہم کی ہے۔
گوگل کے مطابق ترکی کے اس تاریخی ڈرامے نے پاکستانیوں کی توجہ تمام ہی ٹی وی ڈراموں سے زیادہ حاصل کی ہے۔ پاکستان ڈراموں میں ’میرے پاس تم ہو‘سب سے زیادہ دیکھا گیا لیکن وہ بھی ارطغرل غازی کے مقابلے میں پیچھے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترک ڈراموں کی مقبولیت نے پاکستان میں دھاک بیٹھا دی
ارطغرل غازی کی سیریز پاکستان میں اتنی مشہور ہوئی کہ اسے سرکاری ٹی وی پر بھی اردو ڈب کے ساتھ دکھایا گیا۔
یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں جب ملک وبائی مرض کورونا اپنے عروج کی طرف بڑھ رہا تھا، وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں میں اسلامی ثقافت اور اقدار کے فروغ کےلیے ٹی وی پر اس ڈرامے کو دکھانے کی خصوصی ہدایت جاری کی تھیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں نے جب مغرب اور بالی ووڈ کی نقالی کے حوالے سے تنبہہ کی تو مجھے بتایا گیا کہ عوام یہی دیکھنا چاہتے ہیں۔
دوسری طرف عمران خان نے اس سے پہلے کہا تھا کہ ارطغرل بڑے پیمانے پر دکھائی جانے والی سیریز میں سے ایک ہے، اس میں کوئی فحاشی نہیں ہے۔