سٹاک مارکیٹ: 795 پوائنٹس کی زبردست تیزی، انڈیکس 11 ماہ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

Published On 14 December,2020 04:20 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا زبردست تسلسل برقرار ہے، 100 انڈیکس 795 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے بعد انڈیکس 11 ماہ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ دو ہفتوں کےدوران زبردست تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے، جس کے باعث سرمایہ کار سٹاک ایکسچینج میں زبردست سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں صبح پہلے ہی گھنٹے کے دوران 376 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی، جس کا تسلسل دوپہر بارہ بجے تک دیکھنے کو ملا،دوپہر بارہ بجے تک انڈیکس 500سے زائد پوائنٹس کی تیزی کراس کر گیا تھا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس میں 43316.11 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیاتاہم کاروبار کے اختتام تک یہ لہر برقرار نہ رہ سکی اور 100 انڈیکس میں 795.82 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔ تیزی کے باعث 43 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور کاروبار کا اختتام 43266.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر ہوا۔

پورے کاروباری روز میں تیزی کے باعث 1.87 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 33 کروڑ 76 لاکھ 35 ہزار 686 شئرز کا لین دین ہوا جبکہ سرمایہ کاروں کو 150 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔