خصوصی افراد کو فعال بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، صدر مملکت کی ہدایت

Published On 14 December,2020 09:37 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کی سہولت کیلئے ان کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معذوروں کی خصوصی ضروریات کو پورا کرنے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں خصوصی افراد کو فعال بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں خصوصی افراد کی بہبود کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیفِ غربت وسماجی بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر، چیئرمین نادرا عثمان مبین اور متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور چئیرمین نادرا نے خصوصی افراد کی رجسٹریشن کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کی سہولت کیلئے ان کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کی ضرورت ہے، معذوری کی خصوصی ضروریات کو پورا کرنے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں انہیں فعال بنانے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کے بارے میں ایک سروے کروانا ضروری ہے تاکہ ان کے مسائل کو موثر انداز میں حل کرنے کے لئے حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ احساس پروگرام کے تحت افراد باہم معذوری پر کیا جانے والا سروے جون 2021ء تک مکمل ہو جائے گا۔

صدر مملکت نے متعلقہ سٹیک ہولڈر پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد کی معاشی ترقی اور ان کو مرکزی دھارے کے تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لئے بھی اقدامات کریں۔ صدر عارف علوی نے خصوصی افراد کی رجسٹریشن کے لئے نادرا اور وزارت تخفیفِ غربت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔