عبدالحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر برائے ریونیو کا چارج بھی دیدیا گیا، نوٹیفیکیشن جاری

Published On 14 December,2020 07:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے عبدالحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر برائے ریونیو کا چارج دے دیا، عبدالحفیظ شیخ خزانہ اور ریونیو کے وزیر ہوں گے، اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں عبدالحفیظ شیخ نے ایوان صدر میں وفاقی وزیر خزانہ کا حلف اٹھایا تھا۔ خیال رہے کہ موجودہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے مستعفی ہونے کے بعد ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنایا گیا تھا۔

عبدالحفیظ شیخ ماہر اقتصادیات ہیں۔ انہوں نے عالمی بینک میں بھی ملازمت کی۔ 2002ء میں انہیں سندھ کا وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا، اس کے دو سال بعد انہیں وزیرِاعظم کا مشیر برائے نجکاری اور سرمایہ کاری مقرر کیا گیا اور بعد میں وہ سینیٹر بھی منتخب ہوئے۔ بعد ازاں وہ 2010ء تا 2013ء وزیر خزانہ کے عہدے پر تعینات رہے تھے۔