اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کے ناکام جلسے کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ختم ہو گئی ہے۔ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، آئیں بات کریں اور آگے چلتے ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چودھری کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صرف لاہور نہیں، پورے پنجاب نے کرپٹ ٹولے کو مسترد کر دیا ہے۔ ہمیں ان کے جلسوں کی کوئی پرواہ نہیں، ہم ملک میں سیاسی استحکام کی بات کر رہے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہم انہیں کہہ رہے ہیں کہ الیکشن اصلاحات پر بات کریں۔ وزیراعظم شفاف سینیٹ الیکشن چاہتے ہیں۔ اپوزیشن تصادم کی پالیسی پر نظر ثانی کرے، وزیراعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مینار پاکستان جلسے میں پی ڈی ایم لوگوں کی سپورٹ لینے میں ناکام رہی۔ مریم صفدر، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان پارلیمنٹ کا حصہ نہیں، ابو بچاؤ مہم شروع سے چل رہی ہے، جو ناکامی سے دوچار ہوئی۔
انہوں نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محمود اچکزئی کو پنجاب کی تاریخ کا کچھ نہیں پتا۔ پنجاب کے دریاؤں میں پنجابیوں کا لہو بہا ہے۔ بیرونی ایجنٹ لاہور میں کھڑا ہو کر لاہور کے بزرگوں کو برا کہے اور یہ خاموش رہیں۔ مسلم لیگ کی لیڈرشپ کی خاموشی نے پاکستانیوں کا دل توڑا ہے۔ یہ پہلی بار نہیں، اس سے پہلے بھی مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کی پیٹھ میں چھرا گھونپا تھا۔ محمود اچکزئی ایک مشن پر ہیں، ان کی متنازع باتیں پاکستان مخالف ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر لیگی رہنما مریم نواز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی تقریر کا کوئی سر اور پاؤں نہیں تھا۔ کیا جنرل پاشا نے عمران خان کے مینار پاکستان جلسے میں فوج کی یونٹیں بھیجیں تھیں؟ اس طرح کی فضول تقریریں ان کی پارٹی اور ان کے بیانیے کو لے ڈوبی ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ مریم صفدر نے (ن) لیگ کو تباہ کر دیا ہے۔ اراکین قومی وصوبائی اسمبلیوں کو ان کا ساتھ دینے کی بجائے اپنے ووٹرز کا ساتھ دینا چاہیے۔ جو کچھ مریم نے کر دیا، ہمیں پی ڈی ایم کے ساتھ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بلاول بھٹو کا سب سے زیادہ نقصان پی ڈی ایم میں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب میں 30 سیٹیں ہیں۔ بندے کم لانے والوں کو سپیکر پنجاب اسمبلی کو استعفی دینا چاہیے۔ مسلم لیگ کا جو سحرتھا، وہ ٹوٹ گیا۔ لاہور میں شریفوں کی داستان دفن ہو گئی۔