خاتون کے الزامات: پولیس نے بابر اعظم کو بے قصور قرار دیدیا

Published On 14 December,2020 06:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے خلاف خاتون کی درخواست پر تفتیشی رپورٹ سیشن عدالت میں جمع کرا دی گئی۔ پولیس نے بابر اعظم کو بے قصور قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج نعمان نعیم نے خاتون حمیزہ مختار کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت مدعی حمیزہ مختار کے وکلاء نے دستاویزات جمع کروانے کے لیے عدالت سے مہلت مانگی اور کہا کہ پورے کیس کا دارومدار میڈیکل رپورٹس پر ہے۔

بابر اعظم کے وکیل بیرسٹر حارث عظمت نے حمیزہ مختار کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم قومی کھلاڑی اور نیشنل ہیرو ہیں ۔ حمیزہ مختار نے 2016ء میں بابر اعظم کو بلیک میل کرنا شروع کیا اور پولیس نے تفتیش میں قومی کرکٹر کو بے قصور قرار دیا۔

پولیس نے عدالت میں تفتیش کی رپورٹ جمع کروائی جس میں کہا گیا کہ تحقیقات میں بابر اعظم بے قصور پائے گئے ہیں۔ خاتون بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے لہذا درخواست مسترد کی جائے۔

بابر اعظم کے وکیل بیرسٹر حارث عظمت نے کہا کہ بابر اعظم کے کیس کوبھارتی میڈیا صبح شام چلارہا ہے، ہوسکتا ہے خاتون نے کسی کے کہنے پر قومی کرکٹر کو دوبارہ ٹارگٹ کیا ہو۔

سیشن کورٹ نے درخواست گزار حمیزہ مختار کے وکیل کو پندرہ دسمبر کو حتمی بحث کے لیے طلب کر لیا۔