اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں پاکستانی طلبہ، سیاحت اور افرادی قوت کے معاملات پر اہم بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں چینی سفیر نے وزارتی سطح پر بدھا کوریڈور پر تعاون کا عہد اور پاکستانی افرادی قوت بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ چین پاکستانی طلبہ کے معاملے پر فکرمند ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے چین نے اپنی ویزا پالیسی سخت کی ہے۔ وہ پاکستانی طلبہ جن کی ڈگری آخری مراحل میں نہیں، ان کے لئے آن لائن کلاسز جاری ہیں۔ آخری سال میں داخل 300 پاکستانی طلبہ کے لیے صرف پیپر دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
زلفی بخاری نے کہا کہ طلبہ کے معاملے کو باہمی طریقے سے حل کرنے کے لیے ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔ شمالی سوات سے پنجاب اور بلوچستان تک بدھا کوریڈور بنا رہے ہیں۔ یہ راہداری چینی سیاحوں کے لیے ایک اہم اور مقدس راہداری ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 2019ء میں 10 سالہ ریکارڈ افرادی قوت چین بھیجی۔ چین میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح کے لیے پہلی دفعہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بھیج رہے ہیں۔ پچھلے سفیر کے ساتھ بھی چین میں افرادی قوت کو بڑھانا موضوع اول رہا۔
چینی سفیر نے کہا کہ محنت کی صنعت میں پاکستان سے مزید افرادی قوت لیں گے۔ چین بہت جلد پاکستان سے سپورٹس میں تعاون کی یاداشت پر بھی دستخط کرے گا۔