لاہور: (دنیا نیوز) فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیم مینجمنٹ سے دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان 2 روز میں کروں گا۔
یاد رہے گزشتہ روز قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کا اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کی امیدیں چھوڑ دی ہیں، کم بیک کو نہیں دیکھ رہا، وقار یونس کا رویہ برداشت سے باہر ہوچکا ہے، نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم کو بے عزت نہیں کیا، ہمارے لڑکوں کی حرکتیں خراب تھیں جنکی سزا انکو ملی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے پہلے مجھے ذاتی طور پر دھچکا لگا کہ فائنل سے ایک دو دن پہلے ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق صاحب ہی بتا سکتے ہیں کہ انہوں نے ٹیم کا اعلان پی ایس ایل مکمل ہونے سے پہلے کیوں کیا۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ میں نے ٹویٹر پر مصباح صاحب اس لئے لکھا کہ وہ بڑے لوگ ہیں جن کے پاس پاور ہوتی ہے وہ صاحب ہی ہوتے ہیں۔ وقار یونس کا رویہ بہت برداشت کیا، اب بات برداشت سے باہر ہوچکی ہے، برداشت کرنے کی حد ہوتی ہے، وقار یونس جب سسٹم میں نہیں تھے تب کی ریٹائرمنٹ دی تھی۔
واضح رہے محمد عامر نے ٹی ٹوئنٹی ڈبیو انگلینڈ کے خلاف 2009 میں کیا، عامر نے 50 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 59 وکٹیں حاصل کی، انہوں نے اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 2020 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا، محمد عامر نے ون ڈے کرکٹ ڈبیو 2009 میں سری لنکا کے خلاف کیا۔
قومی فاسٹ باؤلر نے اپنا آخری ون ڈے میچ 2 اکتوبر 2019 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا، محمد عامر نے 61 ون ڈے میچز میں 81 وکٹیں حاصل کیں، قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر میچ فکسنگ میں سزا کے باعث 5 سال کرکٹ سے دور بھی رہے، محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی گزشتہ سال کر لی تھی۔