کرائسٹ چرچ ٹیسٹ، پاکستان کی پوری ٹیم 297 رنز پر پویلین لوٹ‌ گئی

Published On 03 January,2021 08:47 am

کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) پاک نیوزی لینڈ دوسرے ٹیسٹ میں کیویز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی شاہینوں کی پوری ٹیم ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 297 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اظہر علی 93 سکور کے ساتھ نمایاں‌ رہے۔

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں ٹاپ آرڈر پھر ناکام، شان مسعود صفر ،حارث سہیل ایک رن پر پویلین واپس ہو گئے۔ میچ شروع ہوا تو اوپنرز شان مسعود اور عابد علی میدان میں اترے، کیویز باولرز کے سامنے شان صرف 8 ویں بال پر ہی ہمت ہار بیٹھے اور ساوتھی کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ان کا ساتھ دینے والے عابد علی نے تھوڑی ہمت کی اور 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے مگر جیمیسن کی بال پر ساوتھی کو کیچ دے بیٹھے اور پویلین لوٹ گئے۔ اظہر علی نے کریز پر آ کر میچ سنبھالا اور 12 چوکوں کی مدد سے 90 رنز دیئے تاہم وہ نروس نائنٹی کا شکار ہو کر 93 رنز پر آوٹ ہو گئے۔ حارث سہل ایک مرتبہ پھر کیویز باولرز کے پریشر میں آ گئے، انہوں نے صرف ایک رن بنایا اور کیچ آوٹ ہو گئے، ان کے بعد آنے والے فواد عالم نے بھی حارث کی پیروی کی اور 2 رنز بنا کر واپسی کا راستہ ناپا۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف ٹیسٹ کیرئر کی تیسری ففٹی مکمل کرتے کرتے رہ گئے اور 48 رنز پر آوٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن نے 5 جبکہ ٹم ساؤتھی اورٹرینٹ بولٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، پاکستانی ٹیم کے آؤٹ ہونے پر پہلےدن کا کھیل بھی ختم کر دیا گیا۔

 میچ سے قبل ٹاس نیوزی لینڈ نے جیتا تو کیوی کپتان ولیمسن نے پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ "اگر پاکستان ٹاس جیتتا تو پہلے باولنگ کا ہی فیصلہ کرتے لیکن ٹاس ہارنے کے سبب فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں البتہ میچ میں پوری جان لڑا دیں گے"۔ واضح رہےکہ ہیگلے اوول نیوزی لینڈ کی تیز ترین وکٹ مانی جاتی ہے۔