قائد اعظم ٹرافی: سینٹرل پنجاب کو دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کیلئے 216 رنز درکار

Published On 04 January,2021 10:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے فائنل میچ میں چوتھے روز کا کھیل مکمل ہوگیا دفاعی چیمپئین سینٹرل پنجاب کو جیت کے لیےمزید 216 رنز درکار ہیں۔

قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کا فائنل دلچسپ اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، فائنل کے پانچویں اور آخری روز سنٹر ل پنجاب کو اعزاز کے دفاع کے لیے 216 رنز مزید درکار ہیں اور اس کے ہاتھ میں 8 وکٹیں ہیں۔

خیبر پختونخواہ نے سنٹرل پنجاب کو میچ جیتنے کے لیے 356 رنز کا ہدف دیا،چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا سینٹرل پنجاب نے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا ئے ہیں۔

عثمان صلاح الدین 51 اور محمد سعد 27 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں،‏اس سے قبل خیبر پختونخواہ نے فائنل کے چوتھے روز 243 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور سنٹرل پنجاب کے خلاف 355 رنز کی برتری حاصل کر کے آل آؤٹ ہو گئی ۔