پی ایس ایل 6 کے دوران 25 سے 30 فیصد شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت ملنے کا امکان

Published On 03 February,2021 04:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے دوران 25 سے 30 فیصد شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت ملنے کا امکان ہے، نیشنل سٹیڈیم میں 9، قذافی سٹیڈیم میں 6 ہزار شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق کون سے ادارے کو ٹکٹوں کی فروخت کا موقع ملے گا اس حوالے سے حتمی فیصلہ کل ہوجائے گا کیوں کہ ٹینڈر کل کھلے گا۔ چار مختلف اداروں نے ٹینڈر میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ آن لائن کاروبار کرنے والی دو کمپنیاں بھی دوڑ میں شامل ہیں۔ ٹیکنیکل اور فنانشل کی بنیاد پر ادارے کا انتخاب پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔ پی سی بی تماشائیوں کے حوالے سے این سی او سی کے جواب کا بھی منتظر ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوران 25 سے 30 فیصد شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت مل جائے گی، نیشنل سٹیڈیم میں 9، قذافی سٹیڈیم میں 6 ہزار شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی۔ شائقین کو ہر انکلوژر میں مخصوص شرح کے حساب سے بٹھایا جائے گا۔

این سی او سی کے گرین سگنل پر ہی متعلقہ ادارہ ٹکٹ کی چھپائی شروع کرے گا۔ اجازت ملنے پر مخصوص تعداد میں شائقین میچز دیکھ سکیں گے۔ پی ایس ایل 6 کا میلہ شہرقائد میں 20 فروری سے سجے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کی افتتاحی تقریب کے انعقاد کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔

Advertisement