لاہور: (ویب ڈیسک) سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کے خلاف پاکستان نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر 6وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا لیے ہیں، جبکہ بابر الیون کو 198 رنز کی برتری مل گئی ہے۔
پاکستان نے آج کے کھیل کا آغاز بغیر کسی نقصان 103 رنز سے کیا، اوپنرز عمران بٹ اور عابد علی نے مسقتل مزاجی سے کھیل جاری رکھا ہوا تھا کہ عابد ایک غلط شاٹ کے باعث چیسورو کی بال پر ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے، انہوں نے 60 رنز بنائے۔
مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم کھاتہ کھولے بغیر ہی کایا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔
226 کے مجموعی سکور پر اوپنر عمران بٹ 91 سکور بنا کر ہمت ہار گئے، ان کی اس اننگز میں سات چوکے شامل تھے۔
فواد عالم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے مل کر وکٹ کے چاروں طرف شاندار شارٹس کھیلے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت داری بنی تاہم 45 سکور پر وکٹ کیپر بیٹسمین بولڈ ہو گئے، فہیم اشرف کی اننگز صفر تک محدود رہی۔
دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا لیے ہیں ۔ فواد عالم نے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی، حیران کن طور پر بیٹسمین اپنے کیریئر میں جب بھی نصف سنچری بنائی تو آؤٹ ہوئے بغیر تھری فیگر اننگز کھیلی۔ بیٹسمین اس وقت 108 سکور اور حسن علی 21 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔