لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیرون ملک بسنے والے پاکستانی محنت کش ہمارے سر کا تاج، قیمتی اثاثہ ہیں، محنت کش، مزدور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
یوم مزدور کے موقع پر معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر خصوصا پاکستان کے محنت کشوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت مزدوروں، محنت کشوں کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے، پنجاب ورکرز ویلفئیر فنڈ کی منظوری، 7.5 ارب کا فنڈ مستحقین تک پہنچایا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ لیبر سکولز میں مزدوروں کے 55 ہزار سے زائد بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی، سکالر شپ کی مد میں 3 ارب، ڈیتھ گرانٹ 2 ارب اور شادی گرانٹ کیلئے 2 ارب سے زائد فنڈز کی فراہمی کی گئی، مزدوروں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، 25 ہزار ڈیجیٹل کارڈز کا اجراء کیا جاچکا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بزدار حکومت مزدوروں اور محنت کشوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔