شعیب اختر موٹروے پولیس کے سفیر بن گئے

Published On 22 June,2021 04:51 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور راولپنڈی ایکسپریس کے لقب سے مشہور شعیب اختر موٹروے پولیس کے سفیر بن گئے۔

شعیب اختر نے انسٹاگرام پر موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل کلیم امام اور ان کی ٹیم کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اس حوالے سے مداحوں کو اطلاع دی۔

شیئر کی گئی تصویر میں شعیب اختر کو کلیم امام سے شیلڈ وصول کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

شعیب اختر نے پوسٹ میں لکھا کہ بطور سفیر پاکستان موٹروے پولیس سے منسلک ہونے پر فخر ہے، انشا اللہ عوام کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار اداکروں گا۔

دوسری جانب شعیب اختر کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مداحوں نے ان کے موٹر وے پولیس کا سفیر بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔