لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل سکس فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی، دوسرے الیمینٹر میں پشاور زلمی نے دو بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹ سے ہرا کر آؤٹ کر دیا، فاتح ٹیم کا کل ملتان سلطانز سے ٹائٹل مقابلہ ہو گا۔
شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں پی ایس ایل سکس کے آخری میچز زیادہ دلچسپ،چھکے چوکوں کی برسات میں وکٹیں گرنے کی بات نے مکمل سنسنی پھیلا دی، دوسرے الیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 9 وکٹ پر 174 رنز بنائے۔ جواب میں پشاور زلمی کو پندرہ رنز کا آغاز ملا، کامران اکمل پھر فلاپ، آٹھ رنز پر ٹھاٹھ باٹھ ختم، حضرت اللہ زازئی کا بلا پھر بلا بنا رہا، چھیاسٹھ رنز سے ٹیم کی پوزیشن مستحکم، پھر مین آف دی میچ قرار پائے۔ آٹھ وکٹ کی بڑی جیت کا بڑا انعام فائنل میں رسائی کی صورت میں نکلا۔
پی ایس ایل سکس کا فیصلہ کن معرکہ کل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ہو گا۔