لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کے میچز دکھانے کا مسئلہ حل کر لیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ملتان سلطانز کو نیا چمپئین بننے پر بہت مبارک، رضوان، بابر اعظم اور پاکستانی ہیروز کے ساتھ ان تمام غیر ملکی ہیروز کا بھی شکریہ جنہوں نے کرکٹ کا یہ شاندار میلہ سجایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب اگلا میلہ سجنے کو ہے اور یہاں میں یہ بھی بتاتا چلوں کہ ہم نے انگلینڈ پاکستان سیریز دکھانے کا مسئلہ حل کر لیا ہے۔‘
ملتان سلطانز کو نیا چمپئین بننے پر بہت مبارک، رضوان ،بابر اعظم اور پاکستانی ہیروزکے ساتھ ان تمام غیر ملکی ہیروز کا بھی شکریہ جنہوں نے کرکٹ کا یہ شاندار میلہ سجایا، اب اگلا میلہ سجنے کو ہے اور یہاں میں یہ بھی بتاتا چلوں کہ ہم نے انگلینڈ پاکستان سیریز دکھانے کا مسئلہ حل کر لیا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 25, 2021
8 جون کو فواد چودھری نے کہا تھا کہ پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز پاکستان میں نہیں دکھائی جائے گی کیونکہ اس کے لیے پی ٹی وی نے انڈین کمپنی سے معاہدہ کرنا تھا، پی ٹی وی کی درخواست کو وفاقی کابینہ نے مسترد کر دیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے 4 جون کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کے لیے سکواڈز کا اعلان کیا تھا۔
حارث سہیل، عماد وسیم، محمد عباس اور نسیم شاہ کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ مڈل آرڈر بلے باز اعظم خان کو پہلی بار قومی ٹی 20 اور سلمان علی آغا کو ون ڈے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
لیگ سپنر یاسر شاہ تاحال گھٹنے کی انجری سے صحتیاب نہیں ہو سکے، لہٰذا ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔ ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈز بالترتیب 18 اور 19 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں جن میں 21 کھلاڑی ایسے ہیں جو دونوں فارمیٹس کا حصہ ہوں گے۔
ون ڈے سکواڈ
ون ڈے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان) شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر شامل ہیں۔
ٹی 20 ٹیم
ٹی 20 ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، ارشد اقبال، اعظم خان، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شرجیل خان اور عثمان قادرپر مشتمل ہے۔