لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور راشد لطیف نے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو سیاست میں آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاست کو آفریدی کی ضرورت ہے۔
گزشتہ روز قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور راشد لطیف نے نجی ٹی وی چینل میں شرکت کی جہاں میزبان نے بڑی سکرین پر آفریدی کی تصویر دکھائی اور کہا کہ آپ دونوں آفریدی کو کیا مشورہ دینا چاہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاست میں آنے کا دل بہت چاہتا ہے: شاہد آفریدی
راشد لطیف نے کہا کہ یہ جو کام کررہے ہیں وہ بہت زبردست ہے بس ایسے ہی یہ کام جاری رکھیں اور جیسے بیٹنگ دلیری سے کی ہے ویسے فلاحی کام بھی دلیری سے کریں جب کہ انہیں سیاست میں ضرور آنا چاہیے کیوں کہ سیاست میں شاہد آفریدی کی بہت ضرورت ہے اور انہیں اپنی جماعت بناکر خیبرپختونخوا سے الیکشن لڑنا چاہیے یہ وہاں سے کلین سوئپ کرلیں گے۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد صرف لیگ میچز کھیلنے میں مصروف ہیں اور اس کے علاوہ وہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے اپنی این جی او کو پورے پاکستان میں متحرک کررکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم بنا تو بیروزگاری اور تعلیم کا مسئلہ حل کرونگا، شاہد آفریدی
دوسری طرف یونس خان نے بھی راشد لطیف کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا میں بھی سیاست میں شاہد آفریدی کا بھرپور ساتھ دوں گا اور ان کی جماعت میں شامل ہوں گا جب کہ اللہ انہیں اور ترقی دے اور چونکہ ان کی عمر اب زیادہ ہوگئی ہے لہذا زندگی میں سوچ سمجھ کر فیصلے لیں۔