دورہ انگلینڈ: قومی کرکٹ سکواڈ برمنگھم پہنچ گیا، ارکان 3 روز آئسولیشن میں رہیں گے

Published On 26 June,2021 08:55 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) انگلینڈ کیخلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے شہر برمنگھم پہنچ گئی جہاں سے ڈربی پہنچ کر کھلاڑی تین روز تک روم آئسولیشن میں رہیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم 28 جون سے ٹریننگ سیشنز کا آغاز کرے گی۔ پہلا انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ یکم جولائی اور دوسرا 3 تین جولائی کو کھیلا جائے گا۔ قومی اسکواڈ 6 جولائی کو کارڈف روانہ ہوگا، پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز 8 جولائی ‏سے ہوگا۔

واضح رہے کہ پلان کے مطابق پاکستان میں موجود کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو خصوصی پرواز سے جمعے کی صبح ابوظبی جانا تھا جہاں سے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے باقی کھلاڑی بھی اسی چارٹرڈ فلائٹ میں سوار ہو کر انگلینڈ روانہ ہو جاتے لیکن ذرائع کے مطابق گزشتہ روز صبح ابوظہبی سے تمام منتخب ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ لاہور پہنچ گئے جنہوں نے پاکستان میں موجود تین کرکٹرز حارث سہیل، عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کے علاوہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس سمیت دیگر سپورٹ سٹاف کو جوائن کر کے برمنگھم کیلئے اڑان بھری۔