لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا کہ بطور ٹیم صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا عزم لیے انگلینڈ آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف وایٹ بال سیریز میں شرکت کے لیے قومی سکواڈ نے ڈربی کی روم آئسولیشن کے بعد انکورا کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس سیشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا آغاز 3 جولائی سے ہوگا۔
سیریز میں شامل یہ تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ورلڈکپ سپر لیگ میں پاکستان اور انگلینڈ کے پوائنٹس کی تعداد برابر ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے بالترتیب 6 اور 9 میچز کے بعد 40، 40 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر انگلینڈ کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسری اور پاکستان کو تیسری پوزیشن حاصل ہے۔
یہ بارہواں موقع ہوگا کہ جب پاکستان کرکٹ ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف اس کی اپنی سرزمین پر کوئی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلی گئی۔
قومی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈچیمپئن کیخلاف صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا عزم لیے انگلینڈ آئے ہیں، سکواڈ میں شامل تمام لڑکے متحد اور جیت کی جستجو میں ٹریننگ کررہے ہیں۔ تین روزہ روم آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد گراؤنڈ کا رخ کرنے پر تمام کھلاڑیوں کے عزائم اور بلند حوصلے عیاں تھے، بلاشبہ انگلینڈ کی کنڈیشنز ابوظہبی سے مختلف ہیں مگر کھلاڑی اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے آرہے ہیں اور وہ اس ردھم کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
محدود طرز کی کرکٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان کاکہناہے کہ پی ایس ایل 6 مدمقابل آنے کے بعد اب تمام کھلاڑی متحد ہوکر ایک ٹیم کی حیثیت سے ملک کی نمائندگی کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ پاکستان کے اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، فخر زمان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں 2 سنچریاں بنائیں، جس میں 193 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی،اسی طرح امام الحق نےبھی اس سیریز کے تین میچز میں 2 نصف سنچریاں بنائیں۔
شاداب خان نے مزید کہا کہ محمد رضوان بھی شاندار فارم میں ہیں، ملتان سلطانز کے چیمپئن بننے کے بعد ان کا اعتماد مزید بلند ہوگا۔ حارث سہیل کی واپسی سے مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہوگی، بائیں ہاتھ کے بلے بازکی انگلش کنڈیشنز میں رنز بنانے کی اوسط 52 کی ہے، آئی سی سی انٹرنیشنل ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست بابراعظم کی کارکردگی میں تسلسل ہماری ون ڈے ٹیم کا سب سے مثبت پہلو ہے۔
نائب کپتان کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے پی ایس ایل 6کے بقیہ میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، امید ہے کہ دونوں باؤلرز انگلینڈ کے خلاف بھی متاثر کن کارکردگی کا تسلسل جاری رکھیں گے۔