مثبت سکیورٹی رپورٹ ملی تو ٹیم ضرور پاکستان بھیجیں گے: نیوزی لینڈ بورڈ

Published On 02 August,2021 11:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ڈیوڈ وائٹ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران ملنے والی سکیورٹی رپورٹ مثبت آئی تو کیویز ٹیم دورہ ضرور کرے گی۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے رواں سال ستمبر اکتوبر کے دوران سیریز کے لیے پاکستان آنا ہے، قومی ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیل رہی ہے جس کے بعد ٹیسٹ میچز کی سیریز ہو گی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ڈیوڈ وائٹ نے اعلان کیا ہے کہ اگر ہمارے سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان کی رپورٹ سے مطمئن ہوتے تو ہماری ٹیم ضرور پاکستان جائے گی۔

ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی طرف سے سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور سکیورٹی کے حوالے سے رپورٹ تیار کرنی ہے، اس دوران سکیورٹی ماہر کراچی، لاہور، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں کا دور کریں گے، اگر تیاریاں مثبت ہوئی تو ٹیم پاکستان جائے گی، ہماری نظریں دورہ پاکستان پر ہیں، اس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایجنسیوں کیساتھ مل کر تیاریاں کر رہے ہیں، یہ دورہ ہم ضرور کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹور کے دوران کیویز ٹیم نے 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہیں، یہ کیویز ٹیم کا 18 سال بعد پاکستان کا دورہ ہو گا، آخری بار نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 2003ء کا دورہ کیا تھا، اس وقت سکیورٹی صورتحال کے باعث نیوزی لینڈ کو دورہ منسوخ کرنا پڑا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے سینئر کھلاڑی کین ولیمسن، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن اور کائل جیمی سن پاکستان نہیں آئیں گے کیونکہ اس دوران متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آئی پی ایل کے بقیہ میچز ہونگے جس میں سینئر کھلاڑی شرکت کریں گے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈکپ کپ سے قبل اس سیریز میں مزید دو ٹی ٹونٹی کے لیے بات چیت جاری ہے، تاہم اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

Advertisement