لاہور: (روزنامہ دنیا) ڈاکٹر نجیب اللہ پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر مقرر، ڈاکٹر نجیب اللہ کرکٹ آسٹریلیا، کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز، فیفا اور آسٹریلین فٹبال لیگ کیساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر نجیب اللہ اس وقت ساوتھ فری مینٹل فٹبال کلب کے ساتھ منسلک ہیں۔ ڈاکٹر نجیب اللہ اکتوبر میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، وہ آسٹریلیا سے لاہور منتقل ہوں گے۔
ڈاکٹر نجیب اللہ کراچی کی ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائسنز سے ایم بی بی ایس اور ڈسپلن آف یکسرسائز اینڈ سپورٹس سائنس سڈنی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی ہیں۔ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ مل کر دنیا کا پہلا کرکٹ انجری پریوینشن پروگرام (سی آئی پی پی ) اور کمیونٹی کرکٹ کے لئے انجری سرویلنس ایپ تیار کی۔
2018 میں ڈاکٹر نجیب اللہ نے دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ انجری سٹڈی شائع کی، جس میں دنیا بھر کے 12 ہزار 500 سے زائد کرکٹرز کا ڈیٹا شامل تھا، ڈاکٹر نجیب اللہ کا شمار دنیا کے سرفہرست کرکٹ محققین میں ہوتا ہے، وہ اس وقت ساؤتھ فری مینٹل فٹ بال کلب میں سپورٹس میڈیسسن اور سائنس کے شعبے کی سربراہی کر رہے ہیں۔