کوٹلی لائنز کو باغ اسٹالئنز، واریئرز کوٹائیگرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا

Published On 08 August,2021 08:39 am

لاہور: (ویب ڈیسک) کشمیر پریمئر لیگ کے دوسرے روز مظفرآباد ٹائیگرز نے اوورسیز واریئرز کو 7 وکٹوں سے جبکہ کوٹلی لائنز کو باغ اسٹالئنز کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست ہوئی۔

کشمیر پریمئر لیگ کے گذشتہ شام ساڑھے 7 بجے کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم کوئی بلے باز ساتھی بیٹسمین ناصر نواز کے 35 رنز سے آگے نہ بڑھ پایا، عماد وسیم نے 4 باونڈری شاٹس کی مدد سے 34 رنز بنائے، سہیل خان اور حیدر علی بالترتیب 26 اور 25 تک محدود رہے۔ دیگر کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور یوں پوری ٹیم 153 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔

مظفر آباد ٹائیگرز کی جانب سے 6 چھکوں اور 17 باونڈری شاٹس کی مدد سے شاندار اننگز کھیلی گئی، سہیل اختر اور شعیب مقصود نے باالترتیب 58 اور 52 رنز بنائے اور دیگر بلے بازوں کی مدد سے  154 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے فتح پائی۔

 قبل ازیں دوپہر 2 بجے کوٹلی لائنز اور باغ اسٹالیئنز کے مابین میدان سجا۔ کوٹلی لائنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بیٹنگ کے آغاز پر کپتان کامران اکمل کریز پر آئے تاہم کوئی کارکردگی دکھائے بغیر ایک رن پرپویلین لوٹ گئے۔ احسان علی 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ سیف بدر اور آصف علی نے 39، 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔  

باغ اسٹالیئنز کی جانب سے اوپنرز شان مسعود اور ذیشان ملک نے 37 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تاہم ذیشان ملک 18 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے، شان مسعود بھی 18 رنز ہی بنا سکے۔ افتخار احمد 29، عامر یامین 27 جبکہ اسد شفیق نے 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور عمید آصف کے زوردار چھکے نے باغ اسٹالیئنز کو 5وکٹوں سے فتح دلوا دی۔

Advertisement