شاہد آفریدی نے ٹک ٹاک کو مسئلہ قرار دیتے ہوئے بند کرانے کا مطالبہ کر دیا

Published On 16 August,2021 05:51 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹک ٹاک کو مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسے بند کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو سابق کپتان شاہد آفریدی نے گلوکار شہزاد رائے اور احسن خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک کبھی بند ہو جاتا ہے کبھی کھول دیتے ہیں، یہ کیا کر رہے ہیں یہ لوگ۔

انٹرنیٹ اور تعلیم کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک کے بہت سے دیہی حصوں میں تعلیم کی سہولت ابھی نہیں لیکن وائی فائی پہلے پہنچ گیا ہے۔ کسی چیز کے استعمال سے پہلے آپ کے پاس تعلیم تو ہو۔

جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے مناسب عمر میں استعمال پر ان کا کہنا تھا کہ میں 12 تیرہ برس کے بچوں کے ہاتھوں میں موبائل دیکھ کر حیران ہوتا ہوں۔ میں نے اپنی بیٹی کو 19 برس کی عمر میں موبائل فون لے کر دیا ہے۔

پروگرام کے دوران گلوکار شہزاد رائے کو مخاطب کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد جا رہے ہیں ٹک ٹک پر پابندی لگوائیں۔

پروگرام کے دوران گلوکار شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ وہ راستے میں شاہد آفریدی سے گزارش کر رہے تھے کہ وہ سیاسی جماعت بنا لیں تاہم وہ نہیں مانے، ان کا کہنا تھا کہ میں کوئی پارٹی نہیں بنانا چاہتا۔ میں نے شاہد آفریدی سے کہا کہ انصاف پر ایک سیاسی جماعت بنائی جا چکی ہے، اب ایجوکیشن پر برائے مہربانی آپ ایک پارٹی بنائیں۔

جوابی گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شہزاد رائے مجھے مشورہ دے رہے ہیں، وہ خود آئیں، خود یہ کام کیوں نہیں کرتے؟ جس پر پاکستانی گلوکار نے کہا کہ اگر شاہد آفریدی سیاسی جماعت بناتے ہیں تو وہ ان کی پارٹی میں شامل ہوں گے۔
 

Advertisement