ویکسی نیشن کرانے کے باوجود انڈین کوچ روی شاستری کورونا وائرس میں مبتلا

Published On 05 September,2021 06:24 pm

لندن: (ویب ڈیسک) انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان اوول ٹیسٹ کے چوتھے دن کا کھیل شروع ہونے سے پہلے کوچ روی شاستری کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس کے بعد ٹیم سٹاف کے تین دیگر اراکین کو بھی آئیسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میں باؤلنگ کوچ بی ارون، فیلڈنگ کوچ آر شری دھر کے علاوہ ٹیم کے فیزیو تھیریپسٹ نتن پٹیل شامل ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس خبر کی تصدیق کی گئی ہے۔

بی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم کوچ روی شاستری، گیند بازی کوچ بھرت ارون، فیلڈنگ کوچ اور شری دھر اور ٹیم کے فیزیو تھیریپسٹ نتن پٹیل کو آئیسولیٹ کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شام کوچ روی شاستری کی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی تھی۔ اس کے بعد سبھی کا ٹیسٹ کرایا گیا۔ جب تک اس کی رپورٹ نہیں آ جاتی، ان چاروں میں سے کوئی بھی ٹیم کے ساتھ نہیں سفر کرے گا۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ روی شاستری کورونا ویکسین کی دونوں ڈوز لے چکے ہیں۔ وہ اس موذی مرض سے کیسے متاثر ہوئے، اس کا پتا چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ روی شاستری نے انگلینڈ میں اپنی بک لانچ کی تھی۔ اس تقریب میں کافی لوگ شامل ہوئے تھے۔ ہو سکتا ہے کہ اسی دوران وہ وائرس کی چپیٹ میں آگئے ہوں۔

 

Advertisement