لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سکیورٹی وجوہات کی بناء پر سیریز کی منسوخی کے بعد انگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان بھی مشکوک ہو گیا۔
واضح رہے کہ انگش ٹیم 14 اور 15 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں میچوں کی میزبانی کراچی کے سپرد کی گئی ہے۔ یہ 16 سال میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ آخری مرتبہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 2005 میں مائیکل وان کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں اس نے تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔
انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق پاکستان کے دورے کے بارے میں فیصلہ اگلے 24 تا 48 گھنٹے میں کریں گے۔ انگلش بورڈ اپنی سیکیورٹی ٹیم سے پاکستان کے بارے میں رائے حاصل کررہا ہے۔ ہم نیوزی لینڈ کرکٹ کے سیکیورٹی الرٹ سے جڑے فیصلے سے آگاہ ہیں۔
ای سی بی نے مزید کہا کہ پاکستان میں گراؤنڈ پر موجود ہماری سیکیورٹی ٹیم سے صورتحال سے متعلق آگاہی لے رہے ہیں۔ ہم آئندہ 48 گھنٹوں میں پاکستان میں انگلش ٹیم کے ٹی 20 میچز کی اجازت دینے یا نہ دینے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ نیوزی لینڈ کا سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دورہ ختم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اس سے قبل پریس کانفرنس کے دوران وفاقی داخلہ شیخ رشید احمد کا بھی کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم انہی باتوں پر غور کر رہی ہے، انگلینڈ کی ٹیم کو خوش آمدید کہیں گے۔ انگلینڈ ٹیم 24 گھنٹے میں فیصلہ کرے گی۔ برطانوی ٹیم کے لیے انتظامات مکمل ہیں، فیصلہ انگلینڈ نے کرنا ہے۔