راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان کا تاریخی دورہ منسوخ کرنے والی نیوزی لینڈ ٹیم آج شام 6 بجے خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس روانہ ہوگی، گذشتہ روز حکومتی اور کرکٹ بورڈز سمیت ہر سطح پر خدشات دور کرنے کی کوششیں ناکام رہیں۔
سیکورٹی خطرات کا بہانہ بنا کر 18سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم نیوزی لینڈ بغیر کھیلے واپس جا رہی ہے۔ مہمان کیویز آج شام 6 بجے نیوزی لینڈ سے آنے والے خصوصی طیارے کے ذریعے وطن واپس جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمان کیویز کو حکومت پاکستان اور پی سی بی کا مکمل تعاون حاصل ہے۔
گذشتہ روز نیوزی لینڈ نے سیکورٹی خطرات پر سیریز منسوخ کر دی۔ وطن واپسی کا فیصلہ کیا تھا، جس پر انہیں حکومتی، کرکٹ بورڈ سمیت تمام ذرائع سے مطمئن کرنے کی پوری کوشش کی گئی لیکن سب رائیگاں گئی۔ نئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے نیوزی لینڈ کے اس انتہائی اقدام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔
پاک کیوی دورہ میں 3 ون ڈے اور 5 ٹی 20 میچز شیڈول تھے، جس کے منسوخ ہونے پر پاکستان سمیت دنیا بھر کرکٹ شائقین و ماہرین انتہائی مایوسی کا شکار ہوگئے۔