لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ میں قومی فاسٹ باؤلر کی شاندار باؤلنگ کے باعث گرین شرٹس نے کالی آندھی کے خلاف اپنا پہلا وارم اپ میچ جیت کرایونٹ میں خطرناک عزائم ظاہر کردیئے۔
میگا ایونٹ میں قومی کرکٹ ٹیم نے اپنا پہلا وارم اپ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا جس میں حریف ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7وکٹوں کے نقصان پر 130رنز بنائے اور 131رنز کا ہدف پاکستانی ٹیم نے صرف 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کالی آندھی کی جانب سے شمرون ہٹمائر28اورکیرون پولارڈ23سکور بناکر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی،حسن علی اور حارث رؤف نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
131رنز کا ہدف شاہینوں نے 7وکٹوں کے نقصان پر 15اعشاریہ 3اوورز میں حاصل کرلیا،کپتان بابر اعظم نے 1چھکے اور 6چوکوں کی مدد سے 41گیندوں پر 50رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان نے 24گیندوں پر 46رنز کی جارحانہ ناقابل شکست اننگز کھیلی،ان کی باری میں 2چھکے اور4چوکے شامل تھے،محمد رضوان نے 13اور شعیب ملک نے ناٹ آؤٹ 14سکور بنائے۔
دبئی میں کھیلے گئے پاکستان کے پہلے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون لینڈل سمنز،آندرے فلیچر،کرس گیل،روسٹن چیز،شمرون ہٹمائر،نکولس پوران،کیرون پولارڈ کپتان،ڈیوائن براوو،ایوئن لوئس،اوبید میک کوئے،فابین ایلین،آندرے رسل،روی رامپال،اوشان تھامس اور ہیڈن والش پر مشتمل تھی۔
گرین شرٹس کی کپتانی بابر اعظم کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان،آصف علی،فخر زمان،حیدر علی،حارث رؤف،حسن علی،عمادوسیم،محمد حفیظ،محمد نواز،محمد رضوان،محمد وسیم،سرفراز احمد،شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک شامل تھے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 24اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔