لاہور:(ندیم میاں )ٹی 20ورلڈ کپ میں تاریخ رقم ہوگئی،آئرلینڈ کے فاسٹ باؤلر کرٹس کیمفر نے مسلسل چار گیندوں پر 4وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ اپنے نام کرلیا اور وہ اس فارمیٹ میں تیسرے باؤلر بن گئے جنہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کیا جبکہ ٹی 20فارمیٹ کی کرکٹ میں 19ایسے باؤلر ہیں جنہوں نے ہیٹرک کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
ٹی 20کرکٹ ورلڈ کپ میں آج دوسرا روز ہے،نیدر لینڈ اور آئرلینڈ کے مابین میچ کے دوران آئرش باؤلر کرٹس کیمفر نے تاریخ کے اوراق میں اپنا نام لکھواتے ہوئے مسلسل 4گیندوں پر 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی کر دنیائے کرکٹ کو حیران کردیا۔
اگر اب تک ہونے والے ٹی 20کرکٹ کے ریکارڈز پر نظر دوڑائی جائے تو یہ تیسرا موقع ہے جب کسی باؤلر نے 4گیندوں پر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے سری لنکا کے لاستھ ملنگا اور افغانستان کے راشد خان نے یہ اعزاز اپنے نام کیاتھا۔
ٹی 20کرکٹ کی سب سے پہلی ہیٹرک سابق آسٹریلوی باؤلر بریٹ لی نے اپنے نام کی تھی ،انہوں نے ہیٹرک بنگلہ دیش کے خلاف 2007 میں کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں کی جبکہ سری لنکا کے لاستھ ملنگا وہ واحد باؤلر ہیں جنہوں نے مختصر فارمیٹ میں ایک سے زائد مرتبہ ہیٹرک کرنے کا موقع حاصل کیا۔
باؤلرز کی ہیٹرک
فہیم اشرف
ٹی 20کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے پہلی ہیٹرک کی جنہوں نے مسلسل 3گیندوں پر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے یہ اعزاز حاصل کیا،پاکستانی میڈیم پیسر کی جانب سے 27اکتوبر 2017کو سری لنکا کے خلاف میچ میں یہ ریکارڈ حاصل کیا گیا۔
محمد حسنین
گرین شرٹس کے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے پاکستان کی جانب سے دوسری ہیٹرک کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا،انہوں نے یہ ریکارڈ سری لنکا کے خلاف ہی 5اکتوبر 2019میں حاصل کیا۔
بریٹ لی(آسٹریلیا)
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق سپیڈ سٹار بریٹ لی نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20کرکٹ کی پہلی ہیٹرک 16ستمبر 2007میں اپنے کی۔
جیکب اورم،ٹم ساؤتھی(نیوزی لینڈ)
ٹی 20کرکٹ کے فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کے جیکب اورم نے 2ستمبر 2009 میں سری لنکا کے خلاف مسلسل 3گیندوں پر 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ہیٹرک کی ۔
کیویز کی جانب سے دوسری ہیٹرک ٹم ساؤتھی نے پاکستان کے خلاف میچ میں 26دسمبر 2010کو ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
لاستھ ملنگا،تھسارا پریرا،اکیلا دھننجایا(سری لنکا)
سری لنکا کرکٹ ٹیم کی جانب سے لاستھ ملنگا نے دنیائے ٹی 20کرکٹ کی سب سے زیادہ ہیٹرک کی ،پہلی ہیٹرک انہوں نے بنگلہ دیش جبکہ دوسری نیوزی لینڈ کے خلاف کی۔آئی لینڈرز کی جانب سے تھسارا پریرا دوسرے باؤلر ہیں جنہوں نے ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور انہوں نے یہ ہیٹرک بھارت کے خلاف کی۔اکیلا دھننجایا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہیٹرک کی۔
راشد خان(افغانستان)
ٹی 20کرکٹ فارمیٹ میں راشد خان بھی ایسے باؤلر ہیں جنہوں نے مسلسل 4گیندوں پر 4وکٹیں حاصل کیں،انہوں نے یہ اعزاز آئرلینڈ کے خلاف حاصل کیا۔
خاور علی (عمان)
ٹی 20ورلڈ کپ کی میزبان کرکٹ ٹیم عمان کے فاسٹ باؤلر خاور علی نے نیدرلینڈ کے خلاف ہیٹرک کرنے کا موقع حاصل کیا۔
نارمن وانوا(پاپوا نیوگنی)
برمودا کرکٹ ٹیم کے خلاف پاپوا نیو گنی کے نارمن وانوا نے ٹی 20کرکٹ کی ہیٹرک کی۔
دیپک چاہر(بھارت)
بھارتی کرکٹ ٹیم کے دیپک چاہر نے بنگلہ دیش کے خلاف مسلسل تین گیندوں پر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ہیٹرک کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنا نام لکھوایا۔
ایشٹن ایگر(آسٹریلیا)
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے باؤلر ایشٹن ایگر نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ہیٹرک کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
وسیم عباس(مالٹا)
ٹی 20کرکٹ میں مالٹا کی کرکٹ ٹیم کے وسیم عباس نے بیلجیئم کے خلاف میچ میں مسلسل 3گیندوں پر 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
شیراز شیخ(بیلجیئم )
بیلجیئم کرکٹ ٹیم کے شیراز شیخ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالٹا کے خلاف میچ میں ہیٹرک کرکے فہرست میں اپنا نام لکھوایا۔
نیتھن ایلس(آسٹریلیا)
آسٹریلیا کے نیتھن ایلس نے بنگلہ دیش کے خلاف ہیٹرک کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔
ایلجاہ اوتینو(کینیا)
کینیا کرکٹ ٹیم کے ایلجاہ اوتینو نے ٹی 20کرکٹ کی دنیا میں بنگلہ یوگنڈا کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے ہیٹرک بنائی۔
کوفی باگابینا(گھانا)
مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں گھانا کرکٹ ٹیم کے کوفی باگابینا نے سیشلز(Seychelles) کے خلاف تین کھلاڑیوں کو مسلسل تین گیندوں پر پویلین کی راہ دکھائی۔
کرٹس کیمفر(آئرلینڈ)
ٹی 20ورلڈ کپ میں مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے آئرلینڈ کے فاسٹ باؤلر کرٹس کیمفر نے نیدر لینڈ کے خلاف میچ میں مسلسل 4گیندوں پر 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر ہیٹرک کرنے والے کھلاڑیوں میں اپنا نام لکھوایا۔