توہین آمیز الفاظ کا استعمال، یووراج سنگھ کی گرفتاری کے بعد رہائی

Published On 18 October,2021 09:32 pm

ممبئی :(ویب ڈیسک) ایک لائیو چیٹ کے دوران توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے پر سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ کو گرفتار کرنے کے بعدضمانت پر رہا کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم انڈیا کے سابق کرکٹر یووراج سنگھ کو ہریانہ پولیس نے گرفتار کیا تھا اور ان پر الزام تھا کہ انہوں نے گزشتہ برس ایک لائیو چیٹ کے دوران یوزویندر چاہل کے خلاف ان کی ذات پر مبنی الفاظ کا استعمال کیا تھا ۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال روہت شرما کے ساتھ لائیو چیٹ میں یووراج سنگھ نے کرکٹر چاہل کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا جس پر ہریانہ کے ہانسی سٹی پولیس سٹیشن میں یووراج سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

یووراج سنگھ کو اس مقدمے کے ضمن میں گزشتہ روز ہریانہ پولیس نے گرفتار کیا تھا یووراج سنگھ نے فوری طور پر ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی جس کے بعد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ ہائیکورٹ نے انہیں پولیس تحقیقات میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے جبکہ انہوں نے مذاق میں ذات پر مبنی الفاظ استعمال کرنے پر سوشل میڈیا پر معافی بھی مانگی تھی۔

اپنی معافی کی پوسٹ میں یووراج سنگھ نے کہا کہ میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ میں رنگ، ذات، عقیدے کی بنیاد پر کسی قسم کے امتیازی سلوک پر یقین نہیں رکھتا۔ میں نے لوگوں کی بہتری کے لیے زندگی گزاری ہے اور مستقبل میں بھی اسی طرح جینا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ذمہ دار ہندوستانی کی حیثیت سے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر میرے الفاظ نے نادانستہ طور پر کسی کو تکلیف پہنچائی ہے تو میں اس کے لیے معذرت خواہ ہوں۔

یووراج سنگھ نے اپنے معافی نامے میں کہا تھا کہ میں ہر انسان کی عزت کرتا ہوں، میں اپنے دوستوں سے بات کر رہا تھا اور اس وقت میری بات کو غلط طریقے سے لیا گیا، جو نامناسب تھا۔
 

Advertisement