ابوظہبی: (روزنامہ دنیا) پہلے مرحلے کا اختتام ہونے کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر قبضے کی حقیقی جنگ کا آج آغاز ہوگا، جب دوسرے مرحلے کے ابتدائی روز آسٹریلیا کا سامنا جنوبی افریقہ سے اور دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا، تمام ٹیموں کی نگاہیں اچھے سٹارٹ کیلئے اپنے اہم پلیئرز پر مرکوز ہیں۔
پہلے مرحلے کے میچوں کی تکمیل پر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر قبضے کی حقیقی جنگ کا آج سے ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں ہوگا جہاں گروپ ون کی ٹیمیں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ مقابل آئیں گی جن کا مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں ریکارڈ مثالی نہیں اور پہلے ہی میچ میں ناکامی ان میں سے ایک کو بے حوصلہ بھی کر سکتی ہے تاہم موجودہ ریکارڈز کے اعتبار سے جنوبی افریقہ کو فیورٹ سمجھا جا سکتا ہے جس نے گزشتہ دس میں سے 9 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ وارم اپ میچوں میں بھی اس کا کھیل پاکستان اور افغانستان کیخلاف اطمینان بخش رہا۔
گزشتہ دس میں سے آٹھ میچز اور چار سیریز ہارنے والی آسٹریلین ٹیم مشکلات سے دوچار ہے جس کے کئی اہم کھلاڑی زنگ آلود ہیں جن کی موجودگی وارم اپ میچ میں کیویز کو بہ مشکل ہرا سکی جبکہ بھارت کے ہاتھوں مات کھانا پڑی اور ایسے میں پروٹیز سپنر تبریز شمسی بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔
گروپ ون کے دبئی میں شیڈول معرکے میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کا سامنا پرجوش انگلش سائیڈ سے ہوگا تو توجہ طلب بات یہ ہوگی کہ کیا آئن مورگن کی ٹیم چھٹی کوشش میں کیریبین حریفوں کو گلوبل ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پہلی ناکامی سے دوچار کر سکے گی مگر یہ پہلو بھی نظر انداز نہ کیا جائے کہ ویسٹ انڈیز کو دبئی میں اپنے دونوں ٹی ٹونٹی میچوں میں مات ہوئی ہے جبکہ انگلینڈ نے یہاں دو شکستوں کے برعکس چار فتوحات یقینی بنائی ہیں۔
پہلے مرحلے کے اختتامی روز بارہویں میچ میں شارجہ کرکٹ سٹیڈیم پر سری لنکا نے مرد میدان لہیرو کمارا اور وانندو ہسارنگا کی تین، تین جبکہ مہیش ٹھیکشانا کی دو وکٹوں کے سہارے ہالینڈ کو محض 44 رنز پر سمیٹ دیا جو اس ٹیم کا ورلڈ کپ میں دوسرا کمتر سکور تھا۔ سری لنکا نے جواب میں کوسال پریرا کے ناقابل شکست 33 رنز کی بدولت دو وکٹوں پر 77 بالز قبل ہدف حاصل کر کے سپر 12 کے گروپ ون میں پڑاؤ ڈال دیا۔
اس سے قبل شارجہ کرکٹ سٹیڈیم پر گیارہویں میچ میں آئرلینڈ نے ابتدائی آٹھ اوور میں 62 رنز کا سٹارٹ لیا لیکن پال سٹرلنگ 38، کیون اوبرائن 25 اور کپتان اینڈی بالبیرنی 21 رنز پر پویلین لوٹے تو 31 رنز پر چھ وکٹیں گنوا کر آئرش ٹیم آٹھ وکٹوں پر 125 رنز بنا سکی۔ یان فرائی لنک تین اور ڈیوڈ ویزے دو وکٹیں لے سکے۔
جواب میں نمیبیا کو گریگ ولیمز 15 اور زین گرین 24 رنز فراہم کر سکے مگر اس کے بعد کپتان گیرہارڈایراسمس نے 53 اور مرد میدان ڈیوڈ ویزے نے ناقابل تسخیر 28 رنز بنا کر اٹھارہ سال کے طویل عرصے بعد نمیبیا کو ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں اہم ٹیموں کے درمیان جگہ دلا دی۔