لاہور: (روزنامہ دنیا) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج معرکے کو سیاست سے پاک رکھنے کا مشن شروع کر دیا گیا جس کے تحت میدان میں سیاسی بینرز لے جانے پر سخت پابندی عائد ہو گی اور خلاف ورزی کا مرتکب میدان سے باہر جائے گا۔
حکام کے مطابق پرستار سیاسی بینرز زیر جاموں میں چھپا کر لاتے ہیں جن کی تلاش آسان نہیں ہوتی۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ کیلئے سیاسی بینرز بڑی تعداد میں تیار کئے گئے ہیں جن کو میدان میں پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ دوسری طرف کرکٹ شائقین اس معرکے کو دیکھنے کیلئے بے تاب اور پرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے۔ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا دبئی کے میدان میں 24 اکتوبر بروز اتوار کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔