دبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف اہم میچ کیلئے 12 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، یہ میچ آج کھیلا جائے گا، پلیئنگ الیون کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔
بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا 24 اکتوبر بروز اتوار کو ہو گا، جس کیلئے دونوں ٹیموں نے ہی بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں جبکہ دنیا بھر میں شائقین کرکٹ بے صبری سے اس میچ کے منتظر ہیں۔
تمام کھلاڑی بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہیں: بابر اعظم
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی بہترین کھیل پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، کرکٹ میں ریکارڈ ہمیشہ بنتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں اور ہم کل ورلڈکپ میں بھارت کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کریں گے، جس کیلئے بیٹنگ اور باؤلنگ کیساتھ ساتھ فیلڈنگ میں بھی محنت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد اور شعیب ملک سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی ہیں جو سپن باﺅلنگ کے خلاف بہت خوب کھیلتے ہیں۔ اس مرتبہ بھارت کے بعد نیوزی لینڈ کیخلاف میچ بھی اہمیت کا حامل ہے اور ہم دونوں میچز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔
پاک بھارت میچز اعداد و شمار
شائقین کرکٹ کی نظریں اس میچ پر ہیں اور پاکستانی فینز پُرامید ہیں کہ اس بار نتیجہ ماضی کے اعداد و شمار اور تاریخ کے برعکس ہی ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اگر ٹی ٹونٹی میچز کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیمیں اب تک 8 مرتبہ آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان صرف ایک بار فاتح رہا۔ پاکستان کو بھارت کیخلاف ٹی ٹونٹی میچز میں واحد فتح بنگلور کے مقام پر دسمبر 2012 میں ملی تھی جب اس نے بھارت کو 5 وکٹوں سے زیر کیا۔
ورلڈ کپ مقابلوں میں روایتی حریف 5 مرتبہ آمنے سامنے آئے، دونوں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی معرکہ 2007 کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تھا۔ دونوں ٹیموں نے مقررہ 20اوورز میں 141 ،141 رنز بنائے جس کے بعد ٹائی بریکر کیلئے بول آؤٹ کا سہارا لیا گیا۔ وریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ اور رابن اتھاپا نے وکٹوں کو ہٹ کیا جبکہ پاکستان کے یاسر عرفات، عمر گل اور شاہد آفریدی تینوں ہی کا نشانہ چوک گیا۔ 10 روز بعد دونوں ایک بار پھر 2007 ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں مدمقابل آئے، پاکستان ہدف کے قریب آکر بھی فتح سے دور رہ گیا۔
دونوں ٹیمیں 2012 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ایک بار پھر مدمقابل آئیں اور اس میچ میں بھارت نے 8 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ 2012 میں ہی پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا ،2 میچز کی سیریز کا پہلا میچ بنگلور میں ہوا جس میں پاکستان ٹیم 5 وکٹ سے کامیاب ہوئی لیکن احمد آباد میں ہونے والے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھارت نے پاکستان کو 11 رنز سے ہرایا۔
بنگلا دیش میں 2014 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی پاکستان اور بھارت کا سامنا ہوا جس میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دیا جو اس نے با آسانی3 وکٹوں کے نقصان پر 9 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
2016 میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کے میچ میں ڈھاکا میں مدمقابل آئیں۔ پاکستان ٹیم 83 پر آؤٹ ہوگئی ،محمد عامر نے بھارت کو پریشان کیا مگر کم رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
2016کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی بھارت کا پاکستان پر پلہ بھاری رہا اور کلکتہ کے ایڈین گارڈنز پر ہوم ٹیم 6 وکٹ سے فتحیاب رہی۔
پاک بھارت ٹی ٹونٹی میچز میں بیٹسمینوں کی کارکردگی دیکھی جائے تو کوہلی 6 میچز میں 254 رنز بناکر کامیاب بیٹسمین ہیں جبکہ شعیب ملک 164 رنز بناکر دوسرے اور محمد حفیظ 156 رنز بناکر تیسرے نمبر پر ہیں۔ عمر گل 11 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین باؤلر ہیں، عرفان پٹھان نے پاک بھارت میچز میں 6 جبکہ محمد آصف نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز میں اعداد و شمار تو پاکستان کے حق میں نہیں لیکن اس ہائی وولٹیج میچ میں اعداد و شمار سے زیادہ عزم اور حوصلہ معنی رکھتا ہے اور فینز پُر امید ہیں کہ اس بار پاکستان ٹیم بہترین کھیل پیش کرکے تمام اعداد و شمار کو رد کرے گی اور کامیابی اپنے نام کرلے گی۔