رضوان اور بابر نے ناقابل یقین بلے بازی کی، ہربھجن سنگھ کا اعتراف

Published On 25 October,2021 11:26 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کی شاندار پرفارمنس کا اعتراف کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کو کہنا پڑا کہ رضوان اور بابر نے ناقابل یقین بلے بازی کی، ایسی بیٹنگ بہت کم دیکھنے کو ملی ہے۔

ٹیم انڈیا کیلئے بھارتی میڈیا نے میچ سے قبل وہ بڑھکیں ماریں اور وہ گن گائے کہ زمین آسمان کے قلابے ملا دیئے۔ پاک بھارت میچ کےدوران انڈین میڈیا پہلے بڑھکیں مارتا رہا پھر شکست کے بعد بھیگی بلی بن گیا، شاہین آفریدی کی تھرو پر پانچ رنز ملنے پر انہیں میچ کا مجرم ہی قرار دے دیا۔ دبئی میں ہر طرف دھاڑ تھی تو پاکستانیوں کی، بھارتی میڈیا سے گفتگو میں پاکستانی شائقین نے کہا کہ بھارت کو پاکستان سے فائنل کا شوق ہے تو کچھ تیاری کرکے میدان میں اترے۔

اس دوران ایک بھارتی شو میں بات کرتے ہوئے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ رضوان اور بابر نے ناقابل یقین بلے بازی کی، بابر نے کپتانی بھی شاندار کی اور اپنی باری بھی کامیابی سے کھیلی۔ ہربھجن نے بابر اعظم سے متعلق کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ وہ کوہلی کی نقل کرتے ہیں، حالانکہ اگر ان کا کھیل دیکھا جائے تو وہ 5 سے 10 سال مزید کرکٹ کھیل کر سلیم ملک یا انضمام کے قد جتنے بڑے بلے باز بن سکتے ہیں۔ وہ میچ کے دوران ایک بار بھی نروس نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لگ رہا تھا کہ بابر اعظم پہلی گیند سے گیم پر کنٹرول رکھے ہوئے تھے، جہاں بیٹرز کو موقع ملا انہوں نے چوکا، چھکا بھی مارا۔ کوئی ریورس شاٹس کھیلے ہوں یا سکوپ شاٹس، ایسے نہیں ہوا، مستقل پروفیشنل شاٹس اور میچور گیم کھیلی۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ میچ سے قبل شعیب اختر کو چیلنج کرنے والے ہربھجن سنگھ ٹیم انڈیا کی ہار پر کہنے پر مجبور ہو گئے کہ"یہ تو سوچا ہی نہ تھا"۔

 

Advertisement