لاہور:(ویب ڈیسک)تیسرے اور آخری ٹی 20میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کوآخری گیند پر5وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
ڈھاکہ میں کھیلے گئے آخری ٹی 20میچ میں گرین شرٹس نے بنگال ٹائیگرز کی جانب سے دیا گیا 125رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوورکی آخری گیند پر 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
شاہینوں کی جانب سے 125 ہدف کے تعاقب میں اوپنرز محمد رضوان اور بابر اعظم نے بیٹنگ کا آغاز کیا، ، کپتان محض 19 رنز پر محمد نعیم کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے،محمد رضوان 40سکور بناکر پویلین لوٹے جبکہ سرفراز احمد نے 12گیندوں پر صرف 6رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہوگئے،حیدر علی سب سے زیادہ 45رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ افتحار احمد نے6سکور بنائے اور وہ بھی محمود اللہ کا شکار بنے ۔
پہلے ٹی 20میچ میں پاکستان کو فتح دلوانے والے آل راؤنڈر محمد نواز نے آخری گیند پر چوکا مار کر گرین شرٹس کو فتح سے ہمکنار کرایا جبکہ خوشدل شاہ صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے،بنگلہ دیش کی جانب سے محمود اللہ نے 3وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں میچ کے آغاز پر اوپنرز محمد نعیم اور شمیم حسین کریز پر آئے، بنگالی ٹائیگرز کی پہلی وکٹ 7 کے مجموعی سکور پر گری، انہیں ڈیبیو کرنے والے شاہنواز دھانی نے شکار کیا۔ شمیم حسن میدان مین اترے تو دھواں دھار بیٹنگ کی، 4 چوکوں کی مدد سے انہوں نے 22 رنز بنائے تھے کہ عثمان قادر کی بال پر افتخار احمد کوکیچ دے بیٹھے۔
عفیف حسین نے بھی اپنی ٹیم کو ہائی سکور دینے کی کوشش کی، انہوں نے 2 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے، ان کا کیچ محمد رضوان نے پکڑا۔ کپتان محمود اللہ 13، نورالحسن 4 اور مہدی حسن 5 بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نعیم شیخ 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے عثمان قادر اور محمد وسیم نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
حیدر علی کو میچ جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بابر الیون نے میچ جیت کر تیسری فتح کے ساتھ تین میچز کی سیریز میں چھٹی بار کسی ٹیم کو وائٹ واش کیا ہے۔