لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ پاکستان کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے، اسی لیے چیمپئنز ٹرافی جیسا بڑا ایونٹ وہاں کروا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو 29 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ کی میزبانی ملی ہے جس کے بعد پاکستان 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 1996 میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی تھی اور اس وقت 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے کچھ میچز پاکستان میں ہوئے تھے۔ 2008 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونا تھی مگر حالات کی وجہ سے جنوبی افریقا منتقل ہوگئی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ یقین ہے پاکستان چیمپئنز ٹرافی کیلئے بہترین انتظامات کرے گا۔ ہمیں پاکستان کی صلاحیتوں پر بھروسہ نہ ہوتا تو ایونٹ نہ دیتے۔
پاک بھارت کرکٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے پاک،بھارت تعلقات بہتر ہوسکےتوخوشی ہوگی۔ سیاسی حالات ہمارے کنٹرول میں نہیں لیکن میں صرف امید کرتا ہوں کہ کرکٹ کو مجبور کیا جا سکتا ہے کہ شاید ان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے۔ کرکٹ ایک عظیم کھیل ہے، جو دونوں ممالک کو قریب کر سکتا ہے۔
آئی سی سی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی نظر میں پاکستان کے پاس یہ سنہری موقع ہے کہ وہ کافی عرصے بعد عالمی ایونٹ کی میزبانی کرے۔ پاکستان میں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کیلئے پراُعتماد ہیں۔