لاہور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا نے فائنل میچ میں ناردرن کو 169 رنز سے ہرا کر قائداعظم ٹرافی جیت لی۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ خیبرپختونخوا نے اپنی پہلی اننگز میں کپتان افتخار احمد کی شاندار سنچری اور کامران غلام کے 72 رنز کی مدد سے 374 رنز بنائے۔ مبصر خان نے چار، وقاص نے تین جبکہ محمد نواز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ناردرن نے پہلی اننگز کا جارحانہ آغاز کیا، محمد ہریرا نے 51 اور حیدر علی 81 رنز کی اننگز کھیلی۔ اوپنرز کے آوٹ ہونے کے بعد ناردرن کا کوئی بھی بیٹر بڑی باری لینے میں ناکام رہا اور اس طرح ناردرن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 256 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ساجد خان اور محمد وسیم جونیئر نے 4.4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
خیبر پختونخوا نے دوسری اننگز کا آغاز 118 رنز کی بڑی لیڈ سے کیا، فخر زمان نے 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
ناردرن اچھی بولنگ کے باعث خیبرپختونخوا کی ٹیم دوسری اننگز میں 265 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور ناردرن کو جیت کے لیے 384 رنز کا ہدف دے ڈالا۔ محمد نواز نے 4 جبکہ موسیٰ خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کاشف خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا تاہم ہریرا اور فیضان کے سوا کوئی بیٹر بھی بڑا اسکور کرنے سے قاصر رہا۔ اور پوری ٹیم 214 پر آؤٹ ہو گئی۔ محمد ہریرا 57 رنز بنا کر سرفہرست رہے، فیاض ریاض نے 49 رنز کی باری کھیلی۔ ساجد خان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔