کراچی: (روزنامہ دنیا) پی ایس ایل سیزن سات میں شائقین کی عدم دلچسپی برقرار ہے۔ اتوار کو ہفتہ وار چھٹی ہونے کے باوجود میگا ایونٹ کے چوتھے روزلوگ کافی کم تعداد میں نیشنل سٹیڈیم پہنچے۔
انکلوژرز میں صرف پندرہ سے بیس فیصد سیٹ ہی بھری نظر آئیں حالانکہ ہفتے اور اتوار کو منتظمین کو امید تھی کہ لوگ زیادہ تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ پی ایس ایل کے ابتدائی دو روز صرف ہزار ،پندرہ سو شائقین میچ سے لطف اندوز ہوئے۔
شائقین نے شکوہ کیا کہ سٹیڈیم تک آنے کیلئے انہیں کافی سخت سکیورٹی مراحل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ پولیس اور سکیورٹی اہل کاروں کا رویہ بھی نا مناسب ہوتا ہے جس کی وجہ سے فیملی کو لانے سے لوگ اجتناب کر رہے ہیں تاہم پی سی بی کا مؤقف ہے کہ پچیس فیصد لوگ میچو ں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کیلئے سکیورٹی ببل کی وجہ سے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں تاہم حیرت انگیز طور پر وی وی آئی پیز کو ٹیموں کی آمدورفت کے وقت بھی وینیو میں آنے سے روکا نہیں جا رہا ہے۔