کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ 7 کے ساتویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج شام ملتان سلطانز سے ٹکرائیں گے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں لیگ کا ساتواں میچ بھی بڑا مقابلہ قرار، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کا آمنا سامنا ہو گا۔ دونوں ٹیمیں شام ساڑھے سات بجے میدان میں اتریں گی۔ دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کر لیں، پلان بھی فائنل کر لئے۔
ملتان سلطانز کو دفاعی چیمپئنز اور چار پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون ہونے کا مان ہے، شاہنواز دھانی، عمران طاہر اور صہیب مقصود ٹیم رضوان کی جان ہوں گے۔
دوسری جانب سرفراز احمد تجربہ کاری دکھائیں گے، ٹیم کو خوب لڑائیں گے۔ پانچ وکٹوں کا کارنامہ دکھانے والے نسیم شاہ ایک اور کڑک پرفارمنس دینے کے لیے تیار ہیں۔
اوپنر احسن علی نے بھی وِننگ اننگز کھیلنے پر نظریں جما لیں، سرفراز الیون کو دو میں سے ایک میں شکست ہوئی۔ آخری پانچ میچز میں دونوں کا پلہ بھاری رہا، دو دو بار فاتح رہے جبکہ ایک مقابلہ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ کھلاڑیوں کے جوش و جذبے اور دعوووں پر پرستار بھی پرجوش ہو گئے۔ سب انتظار میں بے قرار ہیں۔